04/03/2024
شدید برف باری اور خراب موسم کے باوجود نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) نے خنجراب سے گلگت بلتستان کے سوست ڈرائی پورٹ تک درآمدی چینی کنٹینرز کی نقل و حرکت میں سہولت فراہم کی۔ کنٹینرز زرعی مشینری سے لدے ہوئے ہیں اور انہیں بہاولپور پہنچایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق چین سے کل 27 گاڑیاں خنجراب کے راستے پاکستان میں داخل ہوئیں۔ ان میں سے 7 گاڑیاں ہفتہ کو جبکہ 19 گاڑیاں اتوار کوسوست ڈرائی پورٹ پہنچیں۔ تاہم برفباری کے باعث ایک گاڑی سڑک سے پھسل گئی جسے این ایل سی کی ٹیم منگل کو ریسکیو کر لے گی۔ ضروری کلیئرنس کے بعد گاڑیاں اپنی آخری منزل کے لیے روانہ کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ این ایل سی خنجراب کے بلند ترین سرحدی کراسنگ پوائنٹ کے قریب سوست کے مقام پر ڈرائی پورٹ چلا رہا ہے۔ یہ ڈرائی پورٹ دونوں برادر ممالک کے درمیان سرحد پار تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہاہے۔
NLC