17/12/2025
میرپورخاص: سندھ ہائی کورٹ سرکٹ میں ای چالان قانون کو چیلنج
سندھ ہائی کورٹ میرپورخاص سرکٹ میں سندھ ہائی کورٹ کے نامور قانون دان فرحان احمد بوزدار نے سندھ حکومت کی جانب سے نافذ کیے گئے ای چالان کے مبینہ غیر قانونی قانون کو آئینی درخواست کے ذریعے ذاتی حیثیت میں چیلنج کر دیا ہے۔
آئینی درخواست کے متن میں فرحان احمد بوزدار کا مؤقف ہے کہ اس قانون کے نفاذ کے حوالے سے متعدد غیر آئینی تحفظات موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئینِ پاکستان، قرآن اور احادیث کی روشنی میں یہ اصول واضح ہے کہ کسی بھی شخص کو سنے بغیر اور صفائی کا موقع دیے بغیر کوئی فیصلہ صادر نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ای چالان قانون کے کئی نکات ایسے ہیں جن پر معزز عدالت کی واضح تشریح درکار ہے۔ انہی آئینی اور قانونی نکات کی بنیاد پر یہ آئینی درخواست سندھ ہائی کورٹ سرکٹ کورٹ میرپورخاص میں دائر کی جا چکی ہے۔
درخواست گزار کے مطابق، ان شاء اللہ اس آئینی درخواست کی سماعت بدھ کے روز سندھ ہائی کورٹ میرپورخاص میں ڈویژنل بینچ کے روبرو ہوگی۔